مرغی کو دھونا یا نہ دھونا فوڈ سیفٹی کی بحث کا موضوع ہے۔ ماہرین کے مطابق، مرغی کو اچھی طرح پکانا بیکٹیریا سے بچنے کا واحد قابل اعتماد طریقہ ہے۔
لندن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) مرغی کو پکانے سے پہلے دھونا چاہیے یا نہیں، یہ سوال ہمیشہ بحث کا موضوع رہا ہے۔ مغربی ممالک میں فوڈ سیفٹی ہدایات کے مطابق مرغی کو دھونا نہیں چاہیے جبکہ دنیا کے کئی حصوں میں یہ صفائی کے احساس سے جڑا ہے۔
یونیورسٹی آف ریڈنگ کے ڈاکٹر کیمون اینڈریاس کاراتزاس کے مطابق، کچی مرغی میں کیمپائلوبیکٹر اور سالمونیلا جیسے بیکٹیریا موجود ہوتے ہیں، جو صحت کے لیے خطرناک ہوسکتے ہیں۔ مرغی کو دھونے سے بیکٹیریا پانی کے چھینٹوں سے پھیل سکتے ہیں، جس سے فوڈ پوائزننگ کا خطرہ ہوتا ہے۔
امریکی سنٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پری وینشن بھی خام چکن دھونے سے منع کرتا ہے، کیونکہ اس سے جراثیم پھیل سکتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق، مرغی کو 165 ڈگری فارن ہائیٹ تک پکانا محفوظ طریقہ ہے۔
فوڈ اسٹینڈرڈز ایجنسی کے مطابق، برطانیہ میں ہر سال تقریباً دو لاکھ پچاس ہزار افراد اس انفیکشن کا شکار ہوتے ہیں۔ علامات میں اسہال، پیٹ درد، بخار، متلی، قے اور سر درد شامل ہیں۔
ڈاکٹر کاراتزاس کے مطابق، بیکٹیریا کو ختم کرنے کا واحد قابل اعتماد طریقہ مرغی کو اچھی طرح پکانا ہے۔















