پاکستانی جامعات میں 40 فیصد تدریسی اور انتظامی آسامیاں خالی، ایچ ای سی کا نوٹس

پاکستان کی جامعات میں 40 فیصد تدریسی و انتظامی آسامیاں خالی ہیں، ایچ ای سی نے جامعات کو 15 اگست تک تقرریوں کی ہدایت دی ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
پاکستانی جامعات میں 40 فیصد خالی آسامیاں، ایچ ای سی کا نوٹس

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز)پاکستان کی سرکاری و نجی جامعات میں تقریباً 40 فیصد تدریسی اور انتظامی آسامیاں خالی ہیں، جس پر ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے سخت نوٹس لیتے ہوئے جامعات کے وائس چانسلرز اور ریکٹرز کو فوری سلیکشن بورڈز اور بھرتیوں کا عمل مکمل کرنے کے لیے 15 اگست تک مہلت دی ہے۔ ایچ ای سی نے غیر ضروری تاخیر پر انتظامی کارروائی کا عندیہ بھی دیا ہے۔

چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر نیاز احمد اختر کے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پرو وائس چانسلر، رجسٹرار، ڈین، کنٹرولر امتحانات اور اساتذہ کی بڑی تعداد میں اسامیاں خالی ہیں، جس سے تعلیمی و انتظامی امور متاثر ہو رہے ہیں۔

کمیشن نے وائس چانسلرز کو فوری تقرریوں کی ہدایت کی ہے اور واضح کیا ہے کہ 15 اگست 2026 تک میرٹ پر شفاف بھرتیوں کا عمل مکمل کیا جائے۔

ایچ ای سی نے جامعات کو اعلیٰ انتظامی معیار، میرٹ پر مبنی گورننس اور ادارہ جاتی جواب دہی یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔ مراسلے میں خبردار کیا گیا ہے کہ تقرریوں میں غیر ضروری تاخیر پر انتظامی کارروائی کی جا سکتی ہے۔

بعض جامعات میں اہم عہدوں پر تعیناتیاں تعطل کا شکار ہیں، جیسے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی میں رجسٹرار کی تعیناتی زیر التوا ہے جبکہ پمز میں ڈین کے عہدے پر توسیع دی جا چکی ہے۔ ماہرین تعلیم کا کہنا ہے کہ اصلاحات وقت کی ضرورت ہیں۔

دیگر متعلقہ خبریں