وائز ٹیک گلوبل نے اے آئی انضمام کے بعد اگلے دو سالوں میں 2 ہزار ملازمین کو فارغ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سڈنی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) آسٹریلیا کی معروف لاجسٹکس سافٹ ویئر کمپنی وائز ٹیک گلوبل نے اعلان کیا ہے کہ اگلے دو سالوں میں تقریباً 2 ہزار ملازمین کو فارغ کرے گی۔ یہ فیصلہ سافٹ ویئر اور اندرونی نظام میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے انضمام کے بعد کیا گیا ہے۔
یہ کمی کمپنی کے مجموعی عملے کا تقریباً 29 فیصد بنتی ہے، جبکہ وائز ٹیک کے دنیا بھر میں 7 ہزار سے زائد ملازمین ہیں۔ کمپنی کے مطابق یہ تبدیلی پروڈکٹ ڈیولپمنٹ، کسٹمر سروس اور دیگر شعبوں کو متاثر کرے گی۔
کمپنی کے چیف ایگزیکٹو زوبن اپو نے کہا کہ سافٹ ویئر ڈیولپمنٹ میں اب انسان کی روایتی کوڈنگ کا زمانہ ختم ہو چکا ہے۔
یہ آسٹریلیا میں اے آئی سے جڑے سب سے بڑے عملے میں کٹوتی کے واقعات میں سے ایک ہے۔ امریکی ذیلی ادارے ای ٹو اوپن میں بھی 50 فیصد تک ملازمین کی کمی متوقع ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اسی اعلان کے ساتھ کمپنی کے منافع میں اضافہ بھی سامنے آیا ہے، رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں 114.5 ملین امریکی ڈالر کا خالص منافع حاصل ہوا۔















