خیبر پختونخوا نے دریائے کابل، سوات اور سندھ کے کنارے سونے کی غیر قانونی تلاش پر پابندی عائد کر دی۔ کٹاؤ اور آلودگی کے خدشات کے باعث مشینری ضبط ہوگی۔
پشاور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا نے دریائے کابل، سوات اور دریائے سندھ کے کنارے سونے کی غیر قانونی تلاش پر 60 دن کی پابندی عائد کردی ہے۔ صوبائی کابینہ کے فیصلے کی روشنی میں جاری اعلامیہ کے مطابق صوابی، سوات، نوشہرہ، کوہاٹ اور کرک کے ڈپٹی کمشنروں کو پابندی پر فوری عمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ دریاؤں کے کنارے غیر قانونی کھدائی سے آلودگی، کٹاؤ، ماحولیات اور امن و امان کو خطرات لاحق ہیں۔ اس غیر قانونی کان کنی میں استعمال ہونے والی مشینری اور سامان ضبط کیا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188 تعزیرات پاکستان کے تحت کارروائی کی جائے گی۔















