راولپنڈی میں فائرنگ سے شوہر اور دو بیویاں قتل۔ واقعہ رشتہ داری کے تنازعے پر پیش آیا۔
راولپنڈی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) راولپنڈی کے علاقے قاسم آباد بازار میں ایک گھر میں فائرنگ کے نتیجے میں شوہر کو دونوں بیویوں سمیت قتل کر دیا گیا۔ یہ واقعہ تھانہ نصیر آباد کی حدود میں پیش آیا۔ ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور نعشوں کو اسپتال منتقل کرنے کے لیے کارروائی کی۔
پولیس کے مطابق واقعے کی ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ رشتہ داری کے تنازعے پر فائرنگ کی گئی۔ مقتولین کی شناخت حسن عرف بادشاہ، ان کی اہلیہ نور اور دوسری اہلیہ ندا کے ناموں سے ہوئی۔ مقتول کے بیٹے نے بیان دیا ہے کہ گاؤں سے آئے رشتہ داروں نے یہ قدم اٹھایا۔
سی پی او سید خالد محمود ہمدانی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سینئر افسران کو فوری کارروائی کی ہدایت کی۔ ایس ایس پی آپریشنز اور دیگر افسران موقع پر موجود رہے اور شواہد اکٹھے کیے گئے۔ پولیس نے کہا کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے سامنے پیش کیا جائے گا۔















