پاکستان میں 10 مارچ کو فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی ہوگی اور رواں سال کے وسط میں سروس کی کمرشل لانچنگ متوقع ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے 10 مارچ کو فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی کا اعلان کیا ہے۔ چیئرمین پی ٹی اے، میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان نے بتایا کہ فائیو جی سروس کی کمرشل لانچنگ رواں سال کے وسط میں ہوگی اور نیلامی میں تین آپریٹرز حصہ لیں گے۔ اگر پچاس فیصد سے زائد اسپیکٹرم فروخت ہوا تو یہ کامیاب نیلامی شمار کی جائے گی۔
پریس کانفرنس میں چیئرمین پی ٹی اے نے نیلامی اور سروس کے اجرا کی ٹائم لائن جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ ہر ٹیلی کام آپریٹر کم از کم ایک سو میگاہرٹس اسپیکٹرم حاصل کرے گا جس سے موبائل سروس کے معیار میں بہتری اور انٹرنیٹ کی رفتار کے مسائل حل ہوں گے۔ انہوں نے اس بات کی نوید بھی سنائی کہ فائیو جی کے بعد سکس جی پر کام شروع کیا جائے گا۔
چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ نیلامی میں ڈالر کی قیمت منجمد ہوگی تاکہ صنعت کا مطالبہ پورا ہو سکے۔ ڈی جی لائسنسنگ نے بتایا کہ حکومت نے نیلامی کے لیے 597 میگاہرٹس اسپیکٹرم مہیا کیا ہے اور شرکت کرنے والی کمپنیوں کو 27 فروری تک درخواست کے ساتھ 15 ملین ڈالر جمع کروانا ہوں گے۔















