آسٹریلوی تحقیق کے مطابق رقص ڈپریشن کے علاج میں اتنا ہی مؤثر ہو سکتا ہے جتنا اینٹی ڈپریسنٹ ادویات۔
سڈنی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) آسٹریلوی محققین نے ایک تحقیق میں بتایا ہے کہ رقص ڈپریشن کے علاج میں اینٹی ڈپریسنٹ ادویات جتنا مؤثر ثابت ہو سکتا ہے۔ ان کے مطابق ایروبک ورزشیں جیسے جاگنگ، تیراکی اور ڈانس ڈپریشن اور بے چینی کی علامات پر نمایاں اثر ڈالتی ہیں۔
حتیٰ کہ ہلکی پھلکی ورزش، جیسے چہل قدمی بھی، علامات میں بہتری لا سکتی ہے۔ برٹش جرنل آف اسپورٹس میڈیسن میں شائع ہونے والی اس تحقیق میں کوئنز لینڈ کی جیمز کُک یونیورسٹی کے سائنس دانوں نے کہا ہے کہ ورزش کو ذہنی صحت کے لیے ایک مؤثر علاج کے طور پر اپنانا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوامی صحت کی پالیسیوں میں ورزش کو ابتدائی علاج کے طور پر شامل کیا جائے، خصوصاً نوجوان بالغ افراد اور زچگی کے دور سے گزرنے والی خواتین کے لیے۔ برطانیہ میں ہر چھ میں سے ایک فرد ڈپریشن کا شکار ہے، جبکہ خواتین میں اس کا خطرہ مردوں کے مقابلے میں دو گنا زیادہ ہے۔















