پاکستانی خلابازوں کی چین میں تربیت کے لیے دو امیدوار منتخب

چین نے پاکستانی خلابازوں کی تربیت کے لیے دو امیدوار منتخب کیے ہیں، جو چین میں تربیت کے بعد تیانگونگ خلائی اسٹیشن کے مشن میں شامل ہوں گے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
پاکستانی خلابازوں کی چین میں تربیت کے لیے دو امیدوار منتخب

بیجنگ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) چین کے ایسٹروناٹس سینٹر نے پاکستان کے ہیومن اسپیس فلائٹ پروگرام کے لیے دو امیدواروں کو تربیت کے لیے شارٹ لسٹ کر لیا ہے۔ یہ بات انٹر سروسز پبلک ریلیشنز نے ہفتے کو جاری بیان میں بتائی۔

فروری 2025 میں اسپیس اینڈ اپر ایٹماسفیئر ریسرچ کمیشن اور چائنا مینڈ اسپیس ایجنسی کے درمیان تعاون کا معاہدہ ہوا تھا۔ اس معاہدے کے تحت دو پاکستانی امیدوار چین میں تربیت حاصل کریں گے، جن میں سے ایک کو تیانگونگ خلائی اسٹیشن کے مشن میں شامل کیا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ابتدائی مرحلے میں پاکستان میں اسکریننگ کے بعد امیدواروں کو چین کے ایسٹروناٹس سینٹر میں طبی، نفسیاتی اور صلاحیتی جانچ سے گزارا گیا، جو عالمی انسانی خلائی پرواز کے معیارات کے مطابق تھا۔

بیان میں کہا گیا کہ دو منتخب امیدوار چھ ماہ کی ایڈوانسڈ خلانورد تربیت چین میں مکمل کریں گے۔ تربیت کے بعد ایک امیدوار کو اکتوبر یا نومبر 2026 میں تیانگونگ خلائی اسٹیشن کے مشن کے لیے منتخب کیا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ تعاون فروری 2025 میں طے پانے والے خلاباز تعاون معاہدے کے تحت ممکن ہوا، جس میں وزیراعظم شہباز شریف کے کردار اور وژن کو اہم قرار دیا گیا۔ چین کی حکومت کے تعاون کو بھی سراہا گیا، جس نے پاکستان کو اپنے خلاباز پروگرام میں پہلا غیر ملکی شراکت دار منتخب کیا۔

چین 2011 کے بعد سے انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن کا حصہ نہیں رہا۔ اس کے بعد بیجنگ نے دیگر ممالک کے ساتھ خلائی تعاون بڑھانے کی حکمت عملی اپنائی، جس میں پاکستان بھی شامل ہے۔ چین کی جانب سے منتخب پاکستانی خلاباز تیانگونگ اسٹیشن پر سائنسی تجربات کے ساتھ ساتھ عملے کی عمومی ذمہ داریاں بھی انجام دے گا۔

دیگر متعلقہ خبریں