حکومت نے آئی ایم ایف کو بجلی و گیس قیمتوں میں بروقت ایڈجسٹمنٹ کی یقین دہانی کرائی ہے، جس میں صارفین کے تحفظ اور گردشی قرض کی کمی کے اقدامات شامل ہیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) حکومت نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو یقین دلایا ہے کہ وہ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں طے شدہ طریقہ کار کے تحت بروقت اضافہ اور ایڈجسٹمنٹ کرے گی۔ اضافی بجلی استعمال اسکیم کے تحت لاگت بڑھنے پر خودکار ایڈجسٹمنٹ کی جائے گی۔
آئی ایم ایف رپورٹ کے مطابق، اگر بجلی کے شعبے میں آمدن کم رہی تو صنعت اور زراعت کے لیے ٹیرف میں مزید اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ گیس ٹیرف کی ششماہی بنیاد پر بروقت ایڈجسٹمنٹ کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے جبکہ صارفین کے لیے گیس کی قیمتوں میں باقاعدہ ایڈجسٹمنٹ منظور شدہ فارمولے کے مطابق ہوگی۔
حکومت نے کمزور اور مستحق صارفین کے تحفظ کو برقرار رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ کیپٹو پاور لیوی کی شرح وقت کے ساتھ بڑھائی جا رہی ہے اور اس کی ایڈجسٹمنٹ بھی مقررہ وقت پر ہوگی۔ گیس سیکٹر کے گردشی قرض کے انتظامی منصوبے کو مارچ 2026 میں شائع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گیس لائن لاسز کم کرنے کے لیے انفراسٹرکچر میں بہتری کی جائے گی اور گیس چوری روکنے کے لیے عملی اقدامات کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ ششماہی جانچ پڑتال کے ذریعے بجلی کی قیمت اور آمدن میں توازن برقرار رکھنے کا طریقہ کار اپنایا جائے گا۔
حکومت نے بجلی کی مارکیٹ کو مقابلے پر مبنی نظام کی طرف منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نئے پاور پلان میں 7000 میگاواٹ اضافی صلاحیت ختم کرنے کی تجویز شامل ہے جس سے ٹیرف میں نمایاں کمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔















