پنجاب ای لرننگ منصوبہ بنیادی ڈھانچے کی کمی کے باعث ناکامی کا شکار، بجلی و انٹرنیٹ کی رکاوٹیں اہم ہیں۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پنجاب حکومت کی جانب سے ای لرننگ منصوبہ تعلیمی معیار اور رسائی کو بہتر بنانے کے لیے شروع کیا گیا تھا، تاہم بنیادی ڈھانچے کی کمی کے باعث یہ منصوبہ اپنی متوقع کامیابی حاصل نہ کر سکا۔
منصوبہ کا مقصد ہر طالب علم کو ڈیجیٹل تعلیمی مواد فراہم کرنا تھا، لیکن دور دراز علاقوں میں ناقص انفراسٹرکچر کے باعث فائدہ صرف شہری مراکز کو ہوا۔ بجلی کی عدم دستیابی اور انٹرنیٹ کی کمیابی بڑی رکاوٹ بن کر سامنے آئی ہے۔
فیسل علی نامی طالب علم نے بتایا کہ انٹرنیٹ کے کمزور سگنلز اور بار بار بجلی کی بندش کے باعث پڑھائی کے لیے وقت کم ملتا ہے۔ جبکہ ایک والد طارق محمود نے کہا کہ انٹرنیٹ کی عدم دستیابی ان کے بچے کو دور دراز علاقوں کا سفر کرنے پر مجبور کرتی ہے۔
آئی ٹی ٹیچر عامر نسیم نے حکومت کو مشورہ دیا کہ وہ ایک کارکردگی ڈیش بورڈ بنائے تاکہ ڈیجیٹل مواد کے استعمال اور اس کے اثرات کو جانچا جا سکے۔
پنجاب آئی ٹی بورڈ کے ڈائریکٹر عمار چوہدری نے دعویٰ کیا کہ منصوبہ فعال ہے اور اس میں توسیع کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی تعلیم کے شعبے کے ساتھ نیا منصوبہ بہری طلباء کے لیے اشاروں کی زبان کی مدد کے ساتھ آڈیو بکس کو شامل کرے گا۔















