محکمہ موسمیات نے شمالی علاقوں میں بارش، برفباری اور دھند کی پیش گوئی کی ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) محکمہ موسمیات نے شمالی علاقہ جات میں 5 دسمبر کو ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔ 4 دسمبر کی رات سے 5 دسمبر تک کمزور مغربی ہوا کا سلسلہ شمالی حصوں کو متاثر کرے گا۔
گلگت بلتستان، کشمیر اور خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری متوقع ہے جبکہ دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ اور بٹگرام میں بھی بارش یا برفباری کا امکان ہے۔ دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔
پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں دھند اور اسموگ برقرار رہنے کی توقع ہے۔ لاہور، فیصل آباد، ملتان، ساہیوال، سیالکوٹ، نارووال اور گجرانوالہ میں صبح کے اوقات میں شدید دھند کا خدشہ ہے جبکہ پشاور، مردان، صوابی اور ڈی آئی خان میں بھی حدِ نگاہ متاثر ہونے کا امکان ہے۔
بابوسر اور ملحقہ علاقوں میں برفباری سے سڑکوں پر پھسلن اور بندش کا امکان ہے۔ بالائی علاقوں میں دن کے درجہ حرارت میں 1 سے 3 ڈگری کمی متوقع ہے۔















