پنجاب میں بچوں کی جبری مشقت کے خاتمے کے لیے سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو مختلف شعبوں کی میپنگ اور حکمت عملی تیار کرے گی۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب میں بچوں کی جبری مشقت کے خاتمے کے لیے سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دے دی۔ اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے اور 15 رکنی کمیٹی کی چیئرپرسن سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کو مقرر کیا گیا ہے، جبکہ محسن شاہنواز رانجھا شریک چیئرمین ہوں گے۔
کمیٹی میں سکول ایجوکیشن، سرمایہ کاری، صنعت و تجارت، سوشل ویلفیئر اور ہنرمندی کے صوبائی وزراء شامل ہوں گے۔ دیگر ارکان میں مختلف محکموں کے سیکرٹریز، چیئرمین پی ٹی آئی بی اور ڈی آئی جی پولیس شامل ہیں۔
کمیٹی جبری مشقت کے شعبوں کی نشاندہی کرے گی اور صنعتوں، بھٹوں، زراعت، ماہی گیری اور ورکشاپس کا ڈیٹا جمع کرے گی۔ اے آئی اور جی آئی ایس کے ذریعے ڈیٹا بینک بنایا جائے گا۔
کمیٹی جبری مشقت کے شکار بچوں کے لیے متبادل طریقے بھی وضع کرے گی اور فوری، وسط اور طویل مدتی حکمت عملی تیار کرے گی۔ والدین، اساتذہ اور دیگر طبقات کو آگاہ کرنے کی حکمت عملی بھی تیار کی جائے گی۔
پنجاب بچوں کی جبری مشقت کے خاتمے کے لیے اس نوعیت کے اقدامات کرنے والا پہلا صوبہ ہے، جو عالمی سطح پر اس کی رینکنگ کو بہتر بنائے گا۔















