چین کے ہائپرسونک میزائل YKJ-1000 نے اپنی کم قیمت کی بدولت عالمی دفاعی منڈی میں ہلچل مچادی ہے۔
بیجنگ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) چین کی ایرو اسپیس کمپنی، لِنگ کانگ تیان شِنگ نے گزشتہ ہفتے ایک نیا ہائپرسونک گلائیڈ میزائل ‘YKJ-1000’ متعارف کرایا ہے، جس کی رینج 1300 کلومیٹر ہے۔ یہ میزائل آواز کی رفتار سے 7 گنا زیادہ تیز رفتار ہے اور اس کی بیرونی تہہ میں فوم کنکریٹ جیسے مواد استعمال کیے گئے ہیں۔
چینی میڈیا کے مطابق، یہ میزائل کامیاب جنگی آزمائشوں کے بعد بڑی تعداد میں تیار کیا جا رہا ہے اور اس کی فی یونٹ قیمت 99 ہزار امریکی ڈالر تک ہوسکتی ہے۔ اس کے برعکس، ایک امریکی SM-6 انٹرسیپٹر میزائل کی قیمت تقریباً 41 لاکھ ڈالر ہے۔
عسکری تجزیہ کار وی ڈونگ شو نے چین کے سرکاری نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ میزائل بین الاقوامی دفاعی منڈی میں متعارف ہونے پر اچھی مانگ پیدا کرسکتا ہے۔ وی ڈونگ شو کے مطابق، یہ میزائل عالمی مارکیٹ میں تیزی سے مقبول ہوسکتا ہے کیونکہ بہت سے ممالک ابھی تک اپنے ہائپرسونک میزائل تیار نہیں کر پائے ہیں۔
تاہم، آن لائن مبصرین نے اس میزائل کی کم قیمت کے دعوؤں پر شبہات ظاہر کیے ہیں، خاص طور پر ایندھن اور راکٹ انجن کی لاگت کو لے کر۔ کمپنی نے کہا ہے کہ وہ جلد ان سوالات پر تفصیلی وضاحت جاری کرے گی۔















