کراچی میں رواں سال کے 11 ماہ میں کھلے مین ہولز اور نالوں میں گر کر 23 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں بچے بھی شامل ہیں۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) کراچی میں رواں سال کے 11 ماہ کے دوران کھلے مین ہولز اور نالوں میں گر کر 23 شہری جاں بحق ہو گئے، جن میں بچے اور بڑے شامل ہیں۔
ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق، 10 کھلے مین ہولز اور 13 نالوں میں گرنے کے واقعات میں یہ ہلاکتیں ہوئیں۔ جنوری 2025 میں شاہ فیصل کالونی میں 6 سالہ عباد، فروری میں کشمیر کالونی میں 5 سالہ طیب اور سرجانی خدا کی بستی میں 3 سالہ اسد اللہ جاں بحق ہوئے۔
مارچ میں نارتھ کراچی میں 55 سالہ نامعلوم شخص، اپریل میں بلدیہ مواچھ گوٹھ میں 3 سالہ عبدالرحمٰن، بنارس میں 45 سالہ نامعلوم شخص، ماڑی پور شیر محمد ولیج میں 15 سالہ رجب، لیاقت آباد میں 10 سالہ سویرا، سرجانی ٹاؤن میں 30 سالہ الطاف اور اورنگی ٹاؤن میں 37 سالہ ظفر جاں بحق ہوئے۔
اگست میں ماڑی پور روڈ پر 38 سالہ الطاف، گرومندر کے قریب 48 سالہ عباس، ستمبر میں لانڈھی مرتضیٰ چورنگی کے قریب 40 سالہ اقبال مسیح، دھوبی گھاٹ لیاری میں 30 سالہ نامعلوم شخص اور ناردرن بائی پاس کے قریب 7 سالہ اسما جاں بحق ہوئیں۔
ستمبر میں گارڈن گھاس منڈی کے قریب 22 سالہ ویشال، 19 سالہ شاہد اور 42 سالہ سورج جاں بحق ہوئے، اکتوبر میں سپر ہائی وے کوئٹہ ٹاؤن کے قریب 2 نامعلوم افراد، نصرت بھٹو کالونی میں 3 سالہ عائشہ اور نومبر میں گلشن اقبال نیپا چورنگی کے قریب 3 سالہ ابراہیم زندگی سے محروم ہوئے۔















