محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافے کی پیشگوئی کی ہے، 5 اور 6 دسمبر کو بعض مقامات پر بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافے کی پیشگوئی کی ہے۔ آج اسلام آباد سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہے گا جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے وقت موسم شدید سرد رہے گا۔
مری، گلیات اور گرد و نواح میں بھی سرد اور خشک موسم کا امکان ہے جبکہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی یہی صورتحال رہے گی۔ سیالکوٹ، نارووال، لاہور، شیخوپورہ، گوجرانوالہ اور گجرات میں دھند اور اسموگ کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
جہلم، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ساہیوال، ملتان، خانیوال، لیہ، کوٹ ادو، بہاولپور اور گرد و نواح میں دھند پڑنے کی توقع ہے۔ سندھ میں بھی موسم خشک اور سرد رہے گا جبکہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی سردی کا زور برقرار رہے گا۔
آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی شدید سردی کی پیشگوئی کی گئی ہے جہاں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہے گا۔ محکمہ موسمیات نے 5 اور 6 دسمبر کو گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر میں تیز ہواؤں کے ساتھ چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے۔















