پہلا بین الاقوامی مقابلہ حسن قرأت، ملائیشیا کے قاری ایمن رضوان بن محمد رملان نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان میں پہلے بین الاقوامی مقابلہ حسن قرأت میں دنیا کے 37 ممالک سے آئے قاری حضرات نے شرکت کی جہاں ملائیشیا کے قاری ایمن رضوان بن محمد رملان نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ اس کامیابی پر انہیں 50 لاکھ روپے کا انعام دیا گیا۔
اسلام آباد میں منعقدہ تقریب تقسیم انعامات کا آغاز قاری سید صداقت علی کی قرات سے ہوا۔ تقریب میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار یوسف نے دنیا بھر سے آئے قاری حضرات کو خوش آمدید کہا اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ یہ مقابلہ امت کے اتحاد کی کوششوں کا مظہر ہے۔
اسحاق ڈار نے اپنے خطاب میں کہا کہ قرآن کریم امت مسلمہ کا روحانی ورثہ ہے اور قرآن سے سبق لینا ملکی نظام کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے پوزیشن حاصل کرنے والے قاری حضرات میں انعامات بھی تقسیم کیے۔
مقابلے میں ایران کے قاری عدنان نے دوسری اور پاکستانی قاری عبد الرشید نے تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ افغانستان، انڈونیشیا اور مراکش کے قاری حضرات نے بالترتیب چوتھی، پانچویں اور چھٹی پوزیشن حاصل کی۔















