پنجاب میں ٹریفک قوانین میں بڑی اصلاحات، بار بار چالان پر گاڑی نیلام ہوگی۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پنجاب حکومت نے ٹریفک قوانین میں 60 سال بعد بڑی اصلاحات کی ہیں جن کے تحت بار بار چالان ہونے والی گاڑیاں نیلام کر دی جائیں گی۔ سرکاری گاڑیاں بھی قوانین کی پابند ہوں گی اور خلاف ورزی پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔
پنجاب میں ون وے کی خلاف ورزی ختم کرنے کے لیے 30 دن کی مہلت دی گئی ہے جبکہ یوٹرن کی ری ماڈلنگ سے سڑکوں کو محفوظ بنایا جائے گا۔ حادثات میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ کو فوری دیت فراہم کی جائے گی اور مناسب پارکنگ کے بغیر میرج ہالز کی اجازت نہیں ہوگی۔
کم عمر بچوں کے ڈرائیونگ پر سخت کارروائی ہوگی اور انڈر ایج ڈرائیونگ کی صورت میں گاڑی کے مالک کو 6 ماہ قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ بس کی چھت پر سواری ختم کرنے اور چنگ چی رکشوں پر پابندی کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ تیز رفتاری پر بھی کارروائی ہوگی اور شہر بھر میں ٹریفک کے نظام کو بہتر بنایا جائے گا۔















