پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبے میں شدید دھند اور اسموگ کے خطرے پر الرٹ جاری کیا، متاثرہ اضلاع میں حفاظتی اقدامات سخت کرنے کی ہدایات۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبے میں شدید دھند اور اسموگ کے خطرے پر الرٹ جاری کیا ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب کے میدانی اضلاع جیسے گوجرانوالہ، شیخوپورہ، قصور، ننکانہ صاحب، فیصل آباد، جھنگ، اور ٹوبہ ٹیک سنگھ شدید دھند اور اسموگ کی زد میں آ سکتے ہیں۔\n\nپی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق، ساہیوال، لیہ، کوٹ ادو، ملتان، بہاولپور، رحیم یار خان اور خانپور بھی متاثر ہوسکتے ہیں۔ صوبے بھر کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ دھند اور اسموگ کی روک تھام کے اقدامات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔\n\nڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ اسموگ کے باعث سانس کے امراض اور دیگر بیماریوں کا خطرہ ہوتا ہے، خاص طور پر بچے اور بوڑھے افراد زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں۔ دھند کے باعث سڑکوں پر حادثات میں اضافے کا خدشہ بھی ہے۔\n\nپی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ فصلوں کی باقیات اور کوڑا کرکٹ جلانے پر مقدمہ درج ہوگا، اور کوتاہی برتنے والے افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ سالڈ ویسٹ، ٹائرز، پلاسٹک، پولی تھین بیگ، ربڑ اور چمڑا جلانے پر پابندی ہے، اور دھویں والی گاڑیوں اور فیکٹریوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن ہوگا۔















