اسلام آباد میں غیر رجسٹرڈ فوڈ پوائنٹس کے خلاف کریک ڈاؤن یکم دسمبر سے شروع ہوگا، 30 نومبر تک رجسٹریشن لازمی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) فوڈ پوائنٹس اور ریسٹورنٹس کی رجسٹریشن کے لیے دی گئی ڈیڈ لائن میں صرف 3 روز باقی ہیں۔ 30 نومبر تک رجسٹریشن نہ کرنے والے فوڈ پوائنٹس کے خلاف یکم دسمبر سے کریک ڈاؤن شروع ہوگا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی، ڈاکٹر طاہرہ صدیق نے کہا ہے کہ یکم دسمبر سے غیر رجسٹرڈ فوڈ پوائنٹس اور ریسٹورنٹس چلانے کی اجازت نہیں ہوگی، اور فوڈ اتھارٹی روزانہ کی بنیاد پر انسپکشنز کرے گی۔
غیر رجسٹرڈ ریسٹورنٹس اور فوڈ پوائنٹس کو سیل کیا جائے گا اور بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔ فوڈ پوائنٹس مالکان سے 30 نومبر تک رجسٹریشن یقینی بنانے کی اپیل کی گئی ہے۔
لائسنس کے حصول کے لیے بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر میں خصوصی ڈیسک قائم کیا گیا ہے۔ فوڈ اتھارٹی کا عملہ آسان اور بروقت پراسس کے ذریعے موقع پر رجسٹریشن یقینی بنا رہا ہے۔















