رنگین کانٹیکٹ لینس کے استعمال میں احتیاط ضروری ہے، غیر مناسب صفائی آنکھوں کے لیے خطرناک ہو سکتی ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) شادیوں کے سیزن میں رنگین کانٹیکٹ لینس کا استعمال خطرناک ہو سکتا ہے۔ خواتین اپنی خوبصورتی بڑھانے کے لیے اکثر رنگین لینس کا رخ کرتی ہیں مگر ماہرین کی رائے میں یہ فوری خوبصورتی آنکھوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔
پیشہ ور میک اپ آرٹسٹ اکثر اضافی چارجز کے ساتھ رنگین لینس لگانے کی تجویز دیتے ہیں۔ دلہنیں سماجی دباؤ یا میک اپ آرٹسٹس کے مشورے پر انہیں استعمال کرتی ہیں۔ تاہم، اکثر ویڈیوز میں صفائی کا خیال نہیں رکھا جاتا، جو آنکھوں کی صحت کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔
ڈاکٹرز کے مطابق، لینس کے غیر مناسب استعمال سے آنکھوں میں بیکٹریا جا سکتے ہیں، جو انفیکشن یا دیگر مسائل کا باعث بن سکتے ہیں۔ خاص طور پر اگر میک اپ آرٹسٹ دستانے کے بغیر لینس لگائیں تو یہ مزید خطرناک ہو سکتا ہے۔
رنگین لینس کے استعمال کے بعد سرخی، خشکی اور جلن جیسے مسائل عام ہیں۔ غیر مناسب صفائی سے لینس میں بیکٹریا، میک اپ کے ذرات یا دھول پھنس سکتی ہے، جو قرنیہ میں خراشوں، زخموں یا انفیکشن کا باعث بن سکتے ہیں۔
ڈاکٹرز کا مشورہ ہے کہ رنگین لینس استعمال کرنے سے پہلے ہاتھ اچھی طرح دھوئیں اور میک اپ آرٹسٹ سے لینس کی صفائی اور معیاد کی جانچ کریں۔ اس طرح آپ اپنی آنکھوں کو محفوظ رکھتے ہوئے خوبصورت نظر حاصل کر سکتی ہیں۔















