مختصر ویڈیوز دیکھنے کی عادت دماغی صحت کے لیے خطرناک، امریکن سائیکولوجیکل ایسوسی ایشن کی تحقیق میں انکشاف
نیویارک: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سوشل میڈیا پر مختصر ویڈیوز دیکھنے کی عادت بڑھتی جا رہی ہے، لیکن ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ یہ عادت دماغی صحت کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔
امریکن سائیکولوجیکل ایسوسی ایشن کی حالیہ تحقیق کے مطابق، ٹک ٹاک اور دیگر مختصر ویڈیوز والی ایپس کا زیادہ استعمال دماغی کارکردگی پر منفی اثر ڈالتا ہے، جسے ‘برین راٹ’ کہا جاتا ہے۔
تحقیق میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ محض سوشل میڈیا کا لفظ نہیں، بلکہ ایک حقیقی نیوروکگنیٹو سینڈروم ہے جو دماغی صلاحیتوں میں کمی کا باعث بنتا ہے۔ اس مطالعے میں 71 تحقیقی رپورٹس اور 98 ہزار سے زائد افراد کا ڈیٹا شامل کیا گیا۔
نتائج کے مطابق، مختصر ویڈیوز دیکھنے کا رجحان توجہ کو کمزور کرتا ہے اور دماغی کنٹرول کو متاثر کرتا ہے۔ تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا کہ نوجوان روزانہ اوسطاً 6.5 گھنٹے آن لائن مواد استعمال کرتے ہیں۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ مختصر ویڈیوز کا زیادہ استعمال مجموعی دماغی صحت اور روزمرہ رویوں کو متاثر کر سکتا ہے۔ اگر اس عادت پر قابو نہ پایا گیا تو اس کے اثرات مزید شدید ہو سکتے ہیں۔















