وزیر دفاع خواجہ آصف نے پی ٹی آئی کے بیرون ملک مقیم رہنماؤں پر پاکستان مخالف سرگرمیوں کا الزام عائد کیا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے بیرون ملک مقیم رہنما پاکستان مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔ وزیر دفاع نے ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری بیان میں عمران خان کی جماعت کے ان رہنماؤں پر سخت تنقید کی ہے جو بیرون ملک رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ افراد پہلے پاکستان کو چھوڑ کر گئے اور اب بیرون ملک پاکستانیوں سے پیسے بٹور کر پرتعیش زندگی گزار رہے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اگر ان میں جرات ہے تو پاکستان آئیں اور سیاسی جنگ یہاں لڑیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یورپ میں پاکستان کے لیے جی ایس پی پلس سہولت کے خلاف لابنگ کر کے یہ عناصر ملک دشمنی کے مرتکب ہو رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی ٹیم نے پہلے آئی ایم ایف کو خط لکھ کر ملک کو دیوالیہ کرنے کی کوشش کی اور اب بین الاقوامی سطح پر لابنگ کر کے پاکستان کی برآمدات کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ خواجہ آصف نے تاکید کی کہ اگر یہ سب کچھ بھارت کرتا تو سمجھ آتا، لیکن اپنے آپ کو پاکستانی کہنے والے جب ملک دشمنی کریں تو وہ ننگِ وطن اور غدار کہلائیں گے۔















