لاہور میں نواز شریف نے ن لیگ کے اراکین سے ملاقات میں پی ٹی آئی اور اس کے حامیوں پر شدید تنقید کی، اور معاشی استحکام کی ضرورت پر زور دیا۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سابق وزیراعظم نواز شریف نے لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے نومنتخب اراکین اسمبلی سے ملاقات کی، جس میں ضمنی انتخابات کے نتائج اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی موجود تھیں۔
نواز شریف نے اراکین کو الیکشن جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عوام نے ن لیگ کو کارکردگی کی بنیاد پر کامیاب کیا ہے اور ن لیگ نے نفرت اور فساد کے بیانیے کو شکست دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ دور میں مہنگائی کی شرح 3 فیصد تھی جبکہ پی ٹی آئی دور میں یہ 39 فیصد تک پہنچ گئی۔
انہوں نے کہا کہ 2017 میں ملک ترقی کی راہ پر تھا اور موجودہ حکومت کے اقدامات سے مہنگائی میں کمی آئی ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اکیلا مجرم نہیں، اسے لانے والے بھی بڑے مجرم ہیں۔
نواز شریف نے مزید کہا کہ پنجاب میں غریبوں کے لیے نمائیاں اقدامات کیے گئے ہیں جیسے نئے گھروں کی تعمیر، مفت علاج اور تعلیمی سہولیات۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی فلاح کے منصوبے جاری رکھے ہوئے ہے۔
خیبر پختونخوا کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ وہاں کوئی مستقل پالیسی نہیں ہے اور نہ ہی ترقیاتی کام نظر آتے ہیں۔ انہوں نے اراکین اسمبلی کو ہدایت کی کہ وہ مستقبل کی حکمت عملی پر توجہ دیں اور سیاسی استحکام کے ذریعے اقتصادی بحالی کو ترجیح بنائیں۔















