اسلام آباد ہائی کورٹ میں زمین کے معاوضے کیس کی سماعت، جسٹس محسن اختر کیانی نے بدعنوانی پر برہمی کا اظہار کیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ میں زمین کے معاوضے کی ادائیگی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے ریونیو ڈیپارٹمنٹ کو متعلقہ دستاویزات کی جانچ کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔
سماعت کے دوران جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ اگر سی ڈی اے اپنا کام نہیں کرسکتا تو معاملہ ایف آئی اے کو بھیج دیں۔ انہوں نے کہا کہ اداروں میں بدعنوانی ہوتی ہے اور اس کی تصدیق کے لیے کوئی مؤثر طریقہ ہونا چاہیے۔
جسٹس کیانی نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے نظام میں لڑائی حرام کھانے کی ہے، سرکاری دفاتر میں افسران تنخواہ کے ساتھ رشوت بھی لیتے ہیں۔
درخواست گزار نے عدالت میں کہا کہ ان کے والد کیس لڑتے لڑتے وفات پا گئے اور اب تیسری نسل یہ مقدمہ لڑ رہی ہے مگر فیصلہ نہیں ہو رہا۔
عدالت نے ریونیو ڈیپارٹمنٹ کو دستاویزات کی جانچ اور رپورٹ کی پیشکش کا حکم دیتے ہوئے سماعت 10 دسمبر تک ملتوی کر دی۔














