یورپی یونین کے سفیر نے پاکستان کے ٹی ٹی پی سے متعلق تحفظات کو جائز قرار دیا اور افغانستان کے ساتھ مذاکرات کی تجویز دی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) یورپی یونین کے سفیر رائمونڈس کاروبلس نے کہا ہے کہ پاکستان کے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے متعلق تحفظات جائز ہیں۔ انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ افغان سرزمین کو دہشت گردی کے لئے استعمال نہ ہونے دینا درست مطالبہ ہے اور افغان طالبان کے دوحہ وعدوں پر مزید معلومات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے تجویز دی کہ ترکیہ کی ثالثی میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان بات چیت جاری رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمان اور حکومت کو تسلیم کرتے ہیں لیکن اصلاحات ضروری ہیں، آئینی ترمیم پاکستان کا داخلی معاملہ ہے اور بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا فیصلہ عدالتوں کا اختیار ہے۔
رائمونڈس کاروبلس نے کہا کہ سیاسی تنوع اور عدلیہ کی آزادی بنیادی اصول ہیں، یورپی یونین نے 2022ء کے سیلاب کے بعد تقریباً 1 ارب یورو امداد فراہم کی تھی اور ماحولیاتی تبدیلی پر تعاون آئندہ بھی اولین ترجیح رہے گا۔












