جماعتِ اسلامی نے کراچی میں ای چالان کے نفاذ کے خلاف سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کیا، عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 24 نومبر تک جواب طلب کیا۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے کراچی میں ای چالان کے خلاف جماعتِ اسلامی کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 24 نومبر تک جواب طلب کرلیا ہے۔ امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی منعم ظفر کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ شہر میں سی سی ٹی وی کیمروں اور مصنوعی ذہانت کے نظام کے تحت ای چالان بھیجے جا رہے ہیں، جبکہ سڑکوں پر زیبرا کراسنگ اور اسپیڈ لمٹ کے سائن بورڈز کی کمی ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ کراچی کی خستہ حال سڑکیں اور ترقیاتی منصوبے شہریوں کو متبادل راستے اپنانے پر مجبور کرتے ہیں، جبکہ بھاری جرمانے شہریوں کے لیے مشکلات کا سبب بن رہے ہیں۔ درخواست گزاروں نے دعویٰ کیا کہ ای چالان کا مقصد صرف ریونیو جمع کرنا ہے اور یہ شہر کے شہریوں کے ساتھ امتیازی سلوک کے مترادف ہے۔
عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ ای چالان اور بھاری جرمانوں کے نفاذ کو معطل کیا جائے اور شہریوں پر بھاری جرمانوں کو امتیازی سلوک قرار دیا جائے۔













