کراچی میں جاری 35 ویں نیشنل گیمز میں پاکستان آرمی نے 113 گولڈ میڈلز جیت کر سنچری مکمل کی، واپڈا دوسرے نمبر پر ہے۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) 35 ویں نیشنل گیمز میں پاکستان آرمی نے گولڈ میڈلز کی سنچری مکمل کرلی۔ کراچی میں جاری نیشنل گیمز میں بدھ کو مختلف وینیوز پر کھلاڑیوں کے درمیان میڈلز کے حصول کے لیے کشمکش جاری رہی۔
میڈلز ٹیبل پر آرمی 113 گولڈ، 50 سلور اور 34 برانز میڈلز کے ساتھ سرفہرست ہے۔ واپڈا 46 گولڈ، 43 سلور اور 34 برانز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
میراتھون مقابلے کا آغاز صبح سویرے ہوا، جس میں نیوی کے شہباز مسیح نے 42.195 کلومیٹر کا فاصلہ 2 گھنٹے 25 منٹ میں طے کر کے گولڈ میڈل جیتا، جبکہ واپڈا کے شیر خان دوسرے اور نیوی کے شعیب اختر تیسرے نمبر پر رہے۔
خواتین کی لانگ جمپ میں واپڈا کی فائقہ ریاض نے 5.52 میٹر لمبی چھلانگ لگاکر گولڈ میڈل جیتا۔ وہ اس سے قبل 100 میٹر اور 200 میٹر کے گولڈ بھی جیت چکی ہیں۔
بدھ کو ایتھلیٹکس کے دیگر مقابلوں میں واپڈا اور آرمی کے کھلاڑیوں نے مختلف کیٹیگریز میں گولڈ میڈلز اپنے نام کیے۔
سوئمنگ کے مقابلوں میں آرمی کے احمد درانی نے مزید 3 گولڈ میڈلز جیت کر گولڈ میڈلز کی ڈبل ہیٹ ٹرک مکمل کی۔
ویمن ویٹ لفٹنگ کے مقابلے میں آرمی کی خدیجہ وحید نے 69 کے جی کیٹیگری میں گولڈ میڈل جیتا۔
ٹیم مقابلوں میں آرمی نے ویمن فٹبال اور سافٹ بال میں واپڈا کو شکست دے کر گولڈ میڈلز اپنے نام کیے۔















