لاہور کے ایک خاندان کے تین افراد نے نیشنل گیمز ویٹ لفٹنگ مقابلوں میں مختلف ڈپارٹمنٹس کی نمائندگی کرتے ہوئے حصہ لیا، مدیحہ زبیر نے سلور میڈل جیتا۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) نیشنل گیمز ویٹ لفٹنگ مقابلوں میں لاہور کے ایک ہی خاندان کے تین افراد نے مختلف ڈپارٹمنٹس کی نمائندگی کرتے ہوئے حصہ لیا۔ 15 سالہ مدیحہ زبیر نے خواتین کی 86 کے جی کیٹیگری میں پاکستان ریلویز کی نمائندگی کرتے ہوئے سلور میڈل جیتا۔
مدیحہ کی والدہ زاہرہ زبیر آرمی کی طرف سے مقابلہ کرتی ہوئیں 108 کلوگرام وزن اٹھا سکیں لیکن میڈل نہ جیت سکیں۔ زاہرہ نے اپنی بیٹی کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے لئے مقابلہ اور ممتا کا احساس ایک منفرد تجربہ تھا۔
مدیحہ نے بتایا کہ ان کے دادا، والد اور والدہ سبھی ویٹ لفٹر رہ چکے ہیں اور وہ اپنی کامیابی پر خوش ہیں۔ ان کی خواہش ہے کہ دادا کی طرح اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کریں۔
مدیحہ کے والد زبیر منظور، جو پاکستان پولیس کی طرف سے نیشنل گیمز میں حصہ لے رہے ہیں، نے اپنی بیٹی اور بیوی کی کامیابی پر خوشی ظاہر کی اور خواہش ظاہر کی کہ ان کا پورا خاندان پاکستان کی طرف سے کھیلتا رہے۔















