بابر اعظم اور شاہین آفریدی بگ بیش لیگ کے لیے آسٹریلیا پہنچ گئے، لیگ 14 دسمبر سے شروع ہوگی۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز)
پاکستان کے ممتاز کرکٹرز بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی بگ بیش لیگ کے 15 ویں ایڈیشن میں شرکت کے لیے آسٹریلیا پہنچ گئے ہیں۔ لیگ کا آغاز 14 دسمبر سے ہوگا۔ بابر اعظم سڈنی سکسرز کی نمائندگی جبکہ شاہین شاہ آفریدی برسبین ہیٹ کی جانب سے کھیلیں گے۔
دونوں فرنچائزز نے سوشل میڈیا پر اپنے کھلاڑیوں کی آمد کی تصدیق کی ہے۔ شاہین شاہ آفریدی، جو بی بی ایل 15 کے نمبر ون ڈرافٹ پک تھے، سب سے پہلے برسبین پہنچے۔
برسبین ہیٹ نے ایکس پر شاہین کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ نمبر ون ڈرافٹ پک برسبین پہنچ گئے ہیں۔
دوسری جانب سڈنی سکسرز نے بابر اعظم کی آمد کی 14 سیکنڈ کی ویڈیو جاری کی جس میں وہ ڈریسنگ روم میں داخل ہوتے دکھائی دیتے ہیں۔ ویڈیو کے ساتھ یہ الفاظ لکھے گئے، ‘وہ پہنچ گئے ہیں’۔ بی بی ایل 15 کا انعقاد 14 دسمبر سے 25 جنوری تک ہوگا اور لیگ میں مجموعی طور پر 44 میچز کھیلے جائیں گے۔















