ارشد ندیم نے نیشنل گیمز میں دوبارہ گولڈ میڈل حاصل کر لیا

ارشد ندیم نے نیشنل گیمز میں گولڈ میڈل جیت لیا، سمیع اللہ پاکستان کے تیز ترین ایتھلیٹ قرار پائے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے کراچی میں جاری 35 ویں نیشنل گیمز کے پانچویں روز جیولین تھرو مقابلے میں پاکستان واپڈا کی نمائندگی کرتے ہوئے گولڈ میڈل جیت لیا۔

ارشد ندیم نے پہلی تھرو 78.4 میٹر، دوسری 77.77 میٹر اور تیسری تھرو 81.81 میٹر کی پھینکی، جس سے انہوں نے اپنے حریفوں پر واضح سبقت حاصل کی۔ پاکستان واپڈا کے یاسر سلطان نے 70.77 میٹر کی تھرو کے ساتھ دوسری اور پاک آرمی کے محمد ابرار نے 67.68 میٹر کی تھرو کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

گولڈ میڈل جیتنے کے بعد ارشد ندیم نے انٹرویو میں کہا کہ مستقبل میں مزید کامیابیاں حاصل کرنے کی خواہش ہے اور اگلے لاس اینجلس اولمپکس 2028 میں اپنے اعزاز کا دفاع کرنا چاہتا ہوں۔ ان کے کوچ سلمان بٹ نے کہا کہ ارشد کی محنت کا صلہ مل رہا ہے اور وہ آئندہ بھی ملک کا نام روشن کریں گے۔

دوسری جانب واپڈا کے سمیع اللہ نے 100 میٹر ریس میں 10.30 سیکنڈز کے ساتھ طلائی تمغہ جیت کر پاکستان کے تیز ترین ایتھلیٹ کا اعزاز حاصل کیا۔

دیگر متعلقہ خبریں