پونچھ ڈویژن میں آزاد کشمیر انتخابات کے دوران پیپلز پارٹی نے ن لیگ پر پولنگ میں رکاوٹوں اور دھاندلی کے الزامات عائد کیے ہیں۔
پونچھ: (رائیٹ ناؤنیوز) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے تیسرے مرحلے میں پونچھ ڈویژن کے ضلع باغ اور حویلی میں پولنگ جاری ہے۔ پیپلز پارٹی نے ن لیگ پر دھاندلی کے سنگین الزامات لگائے ہیں۔
پیپلز پارٹی کے مطابق باغ کے حلقہ ایل اے 15 اور 16 کے کچھ پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ شروع نہیں ہوئی۔ ایل اے 15 کے دو پولنگ اسٹیشنز پر صبح ساڑھے نو بجے تک پولنگ نہیں ہو سکی۔ پارٹی نے چیف الیکشن کمشنر کو شکایت درج کرائی ہے۔
پارٹی نے حلقہ ایل اے 14 میں 7 پولنگ اسٹیشنز پر ن لیگ پر پیپلز پارٹی کے پولنگ ایجنٹس کو نکالنے اور بیلٹ پیپرز پر مہریں لگانے کا الزام بھی لگایا ہے۔ پارٹی نے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
انتخابات میں 4 لاکھ 60 ہزار ووٹرز حصہ لے رہے ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے سکیورٹی کے مکمل انتظامات کا یقین دلایا ہے۔ انتخابات میں دو بڑی جماعتوں کے سربراہان بھی حصہ لے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ آزاد کشمیر کے پہلے مرحلے میں میرپورڈویژن میں مسلم لیگ ن 9 اور پیپلز پارٹی 4 نشستوں پر کامیاب ہوئی تھی۔ دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن میں ن لیگ نے 15 نشستیں جیتیں۔












