خیبرپختونخوا میں معذور سرکاری ملازمین کا کنوینس الاؤنس 10 ہزار روپے ماہانہ تک بڑھا دیا گیا، اور پنشنرز کی پنشن میں 7 فیصد اضافہ۔
پشاور: (رائیٹ ناؤ نیوز) خیبرپختونخوا کے محکمہ بلدیات نے معذور سرکاری ملازمین کے خصوصی کنوینس الاؤنس اور لوکل کونسل بورڈ کے پنشنرز کی پنشن میں اضافہ کر دیا ہے۔
محکمہ بلدیات کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق معذور سرکاری ملازمین کا خصوصی کنوینس الاؤنس 6 ہزار روپے سے بڑھا کر 10 ہزار روپے ماہانہ کر دیا گیا ہے۔ نیا الاؤنس یکم جولائی 2026 سے نافذ العمل ہوگا۔
الاؤنس میں اضافے کا فائدہ لوکل کونسل بورڈ، لوکل گورننس اسکول، کیپٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ پشاور اور تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن کے اہل معذور ملازمین کو ہوگا۔
محکمہ بلدیات کے مطابق یہ الاؤنس فنانس ڈیپارٹمنٹ کے مقرر کردہ شرائط کے تحت دیا جائے گا۔ لوکل کونسل بورڈ کے اجلاس میں یہ فیصلہ ہوا ہے۔
واضح رہے کہ لوکل کونسل بورڈ کے پنشنرز کی نیٹ پنشن میں بھی 7 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جس کا مقصد معاشی حالات میں سرکاری ملازمین اور ریٹائرڈ افراد کو مالی سہولت فراہم کرنا ہے۔












