سعودی عرب کے وژن 2030 کے تحت نیوم میں تعمیراتی منصوبے جاری، سکائی اسٹیڈیم کی تصوراتی اے آئی وڈیو ویڈیو وائرل۔
ریاض: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سعودی ولی عہد کے وژن 2030 کے تحت نئے تعمیراتی منصوبوں پر کام جاری ہے، تاہم سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ’سکائی اسٹیڈیم‘ کی ویڈیو کو عرب میڈیا نے تصوراتی اور مصنوعی ذہانت کا کمال قرار دے دیا ہے۔ یہ ویڈیو دنیا بھر میں 50 ملین سے زائد بار دیکھی گئی تھی اور دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ نیوم شہر میں دنیا کا پہلا ہوا میں معلق اسٹیڈیم تعمیر ہو رہا ہے۔
ویڈیو بنانے والے شخص نے اعتراف کیا ہے کہ یہ محض مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ تصور ہے اور اس کا سعودی حکومت کے کسی سرکاری منصوبے سے تعلق نہیں۔ ان کے مطابق یہ ویڈیو صرف ایک تخیلاتی خیال پر مبنی تھی، جسے غلط طور پر 2034 فیفا ورلڈ کپ کے مجوزہ سٹیڈیم سے جوڑ دیا گیا۔
سرکاری ذرائع نے واضح کیا ہے کہ سعودی عرب 2034 عالمی کپ کے لیے 15 جدید اسٹیڈیمز بنانے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ ان میں نیوم میگا سٹی میں مجوزہ ’کلاؤڈ سٹیڈیم‘ بھی شامل ہے، جو زمین سے تقریباً 350 میٹر کی بلندی پر تعمیر کیا جائے گا اور 46 ہزار تماشائیوں کی گنجائش رکھے گا۔ اسے مکمل طور پر شمسی اور ہوا سے پیدا ہونے والی توانائی سے چلایا جائے گا۔
حکام کے مطابق نیوم سٹی میں سٹیڈیم کی تعمیر کا آغاز 2027 میں ہوگا اور منصوبہ 2032 میں مکمل کرنے کا ہدف ہے۔ واضح رہے کہ وائرل ویڈیو کا اصل تعمیراتی منصوبے سے کوئی تعلق نہیں اور سعودی حکومت نے اس کی تصدیق نہیں کی۔















