پی ایس ایل میں دو نئی ٹیموں کے لیے بڈنگ فیس مقرر، غیر سنجیدہ امیدواروں سے بچنے کے لیے پی سی بی کا اقدام۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی دو نئی ٹیموں کی نیلامی کے عمل کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بڈنگ فیس مقرر کر دی ہے تاکہ غیر سنجیدہ امیدواروں سے بچا جا سکے۔ اب نیلامی میں حصہ لینے والے امیدواروں کو دو لاکھ ڈالر قابل واپسی اور بیس ہزار ڈالر ناقابل واپسی فیس جمع کرانی ہوگی۔
پی سی بی کا مقصد اس اقدام کے ذریعے صرف سنجیدہ اور مستند خریداروں کو نیلامی میں شامل کرنا ہے۔ بعض افراد اپنی تشہیر کے لیے بھی کاغذات جمع کرانے کی کوشش کر رہے تھے، اس لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
پی ایس ایل کی نئی ٹیم خریدنے کے خواہشمند افراد کو بڈنگ فیس اپنی پیشکش کے ساتھ جمع کرانی ہوگی۔ پی سی بی نے دو نئی ٹیموں کی خریداری کے لیے پیشکش جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 دسمبر مقرر کی ہے۔















