چین نے پاک افغان کشیدگی کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں شروع کر دی ہیں، چینی خصوصی نمائندہ کابل پہنچ گئے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) چین نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری کشیدگی کو ختم کرنے کی کوششوں کا آغاز کیا ہے۔ چینی خصوصی نمائندہ یو شیاؤ یونگ کو کابل بھیجا گیا جہاں انہوں نے افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ملاقات کی۔
ملاقات میں دوطرفہ تعاون اور خطے کی خراب صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چینی مندوب نے افغان حکومت پر زور دیا کہ پاکستان کے ساتھ کشیدگی کو سفارتی طریقے سے ختم کیا جائے، کیونکہ یہ خطے کے استحکام کے لیے ضروری ہے۔
چین کا کہنا ہے کہ وہ دونوں ملکوں کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ حالات کو بہتر بنایا جا سکے۔ اس وقت دونوں ممالک کے درمیان سرحدی جھڑپیں جاری ہیں اور پاکستان افغانستان کے اندر کاروائیاں کر رہا ہے۔
پاکستانی حکام کے مطابق افغان حکومت سرحد پار سے دہشت گرد گروپوں کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہی ہے، جس کی وجہ سے فوجی کاروائی کے علاوہ کوئی چارہ نہیں۔ افغان طالبان کی حکومت اس کی تردید کرتی ہے اور پاکستان پر خود مختاری کی خلاف ورزی کا الزام لگاتی ہے۔
چین کے اسٹریٹجک مفادات خطے کے استحکام سے وابستہ ہیں اور وہ مذاکرات کے ذریعے کشیدگی کے خاتمے کی کوشش کر رہا ہے۔ چین نے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے تحت اس خطے میں سرمایہ کاری کی ہے اور سکیورٹی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔















