پاکستانی سفیر شفقت علی خان نے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کو افواہوں سے بچنے اور سوشل میڈیا کا ذمے دارانہ استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔
دبئی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) متحدہ عرب امارات میں تعینات پاکستانی سفیر شفقت علی خان نے پاکستانی برادری کو اہم ویڈیو پیغام بھیجا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ پاکستانی برادری افواہوں اور جھوٹی خبروں پر یقین نہ کرے اور سوشل میڈیا کا ذمے دارانہ استعمال یقینی بنائے۔ سفیر نے مزید کہا کہ اماراتی قوانین اور ضوابط کا مکمل احترام کریں اور مستند معلومات کے لیے متعلقہ حکام اور اداروں کی ہدایات اور اعلانات پر انحصار کریں۔ متحدہ عرب امارات میں پاکستانیوں کی حفاظت اور سلامتی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے متحدہ عرب امارات کی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ موجودہ صورتحال میں ہم اپنے اماراتی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پاکستانی سفارتخانہ اور قونصل خانہ پاکستانیوں کی 24 گھنٹے معاونت کے لیے مصروف عمل ہیں اور خصوصی ڈیسک قائم کیے گئے ہیں جو 24 گھنٹے فعال ہیں۔
پاکستانی مشن مسلسل متحدہ عرب امارات کے متعلقہ حکام سے رابطے میں ہے اور پاکستانی برادری کی سہولت اور معاونت کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہا ہے۔ سفیر نے زور دیا کہ سب کو مل کر ذمے داری، صبر اور اتحاد کے ساتھ اس صورتحال کا سامنا کرنا چاہیے۔













