سعودی عرب نے شیبہ آئل فیلڈ اور ریاض پر ایرانی ڈرون حملے ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ حملوں میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔
ریاض: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سعودی عرب نے شیبہ آئل فیلڈ اور ریاض کے ڈپلومیٹک کوارٹر پر ایرانی ڈرون حملے ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ وزارت دفاع کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے بتایا کہ فضائی دفاعی نظام نے ریاض کو نشانہ بنانے کی کوشش کرنے والے ڈرونز کو فضا میں تباہ کر دیا۔ حملے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔
حکام کے مطابق یہ ریاض کے ڈپلومیٹک کوارٹر کو نشانہ بنانے کی دوسری کوشش تھی۔ اس سے قبل ایرانی حملے میں امریکی سفارت خانے پر ڈرون حملہ کیا گیا تھا جس میں معمولی نقصان ہوا۔
میجر جنرل ترکی المالکی نے کہا کہ مزید چار ڈرونز کو ریاض کے مشرقی علاقے میں روک کر تباہ کیا گیا جبکہ ایک ڈرون کو ربع الخالی صحرا میں مار گرایا گیا۔ آئل فیلڈ روزانہ تقریباً دس لاکھ بیرل تیل پیدا کرتا ہے۔
سعودی حکام کے مطابق حالیہ کشیدگی کے باعث خطے میں سکیورٹی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں اور فضائی دفاعی نظام الرٹ پر ہے۔














