سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور برطانوی وزیرِاعظم کیئر اسٹارمر نے خطے کی کشیدگی اور سیکیورٹی امور پر ٹیلیفونک گفتگو کی، خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔
ریاض: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور برطانوی وزیرِاعظم کیئر اسٹارمر کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں خطے کی تازہ صورتحال اور سیکیورٹی امور پر گفت و شنید ہوئی۔
گفتگو میں مشرقِ وسطیٰ کی حالیہ کشیدگی اور اس کے عالمی سیکیورٹی پر اثرات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
برطانوی وزیرِاعظم نے ایران کی جانب سے حملوں کے تناظر میں سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور سعودی عرب کی خودمختاری اور سرحدی سلامتی کے تحفظ کے لیے برطانیہ کی حمایت جاری رکھنے کا عزم دہرایا۔
مزید برآں، دونوں رہنماؤں نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور سفارتی کوششوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر اتفاق کیا اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔












