ایران نے اقوام متحدہ میں امریکا اور اسرائیل پر جنگی جرائم کا الزام عائد کرتے ہوئے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔
نیویارک: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے امریکا اور اسرائیل پر جنگی جرائم کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ اپنے اقدامات میں کسی سرخ لکیر کو تسلیم نہیں کرتے۔
ایروانی نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں کہا کہ امریکا اور اسرائیل گنجان آباد شہری علاقوں اور بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ ان کے مطابق حملوں میں اسکولوں، طبی مراکز، تفریحی مقامات اور کھیلوں کی سہولتوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات واضح طور پر جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے زمرے میں آتے ہیں۔ ایرانی مندوب کے مطابق شہری علاقوں پر حملے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔
ایروانی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان پر بھی اعتراض کیا جس میں ایران کی قیادت کے حوالے سے تبصرہ کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے بیانات ایران کی خودمختاری اور عدم مداخلت کے اصول کی خلاف ورزی ہیں۔
ایرانی مندوب نے سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری کارروائی کرے، بصورت دیگر سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیں اور مستقبل میں کسی بھی رکن ملک کو ایسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔












