امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملے، 787 افراد شہید

امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملوں میں 787 افراد شہید، ایران مذاکرات سے انکار۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملے، 787 افراد شہید

تہران: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکا اور اسرائیل نے ایران کے 153 شہروں میں 504 مقامات پر حملے کیے، جس کے نتیجے میں 787 افراد شہید ہو گئے۔ تہران میں سو طیاروں نے لیڈر شپ کمپلیکس کو نشانہ بنایا جبکہ صدارتی آفس، سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کی عمارت اور عسکری تربیتی مراکز پر بھی حملے ہوئے۔ کرمان، اصفہان اور شیراز میں بھی دھماکے ہوئے، جن میں پاسداران انقلاب کے 18 اہلکار شہید ہوئے۔

ایرانی شہر میناب کے سکول پر حملے میں 165 طالبات شہید ہوئیں، جن کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور امریکا و اسرائیل کے خلاف نعرے بازی کی۔ دوسری طرف امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کی قیادت، ایئر ڈیفنس اور فضائیہ ختم ہو چکی ہیں۔ ایران نے مذاکرات نہ کرنے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ دشمن ہمیشہ کے لیے رسوا ہوں گے۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ حالت جنگ کے باوجود حکومتی سرگرمیاں جاری ہیں۔ آسٹریلوی وزارت دفاع نے دبئی میں امریکی فوجی اجتماع پر حملے کی تصدیق کی، جبکہ امریکی سینٹرل کمانڈ نے ایران کے حملوں میں 6 امریکی فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی۔ لبنان میں اسرائیل نے مزید 59 علاقے خالی کرنے کے لیے انتباہ جاری کیا ہے۔

ریاض میں امریکی سفارتخانے پر ڈرون حملے کے بعد آگ بھڑک اٹھی، جس سے عمارت کو جزوی نقصان پہنچا۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ ایران پر حملے کے لیے اسرائیل نے امریکا کو دھکیلا۔ قطر اور متحدہ عرب امارات نے ٹرمپ سے کشیدگی کم کرنے کی درخواست کی ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں