حماس نے پاکستان اور طالبان کو کشیدگی ختم کرنے اور مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرنے کی اپیل کی ہے۔
غزہ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) فلسطینی تنظیم حماس نے پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان بڑھتی کشیدگی پر اظہارِ تشویش کیا ہے۔ حماس نے دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ تحمل سے کام لیں اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کا حل نکالیں۔
حماس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے عوام کے درمیان جو مشترکہ عناصر ہیں، وہ عارضی اختلافات سے زیادہ اہم ہیں۔ حماس نے فریقین کو بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرنے اور قومی مفادات کو مقدم رکھنے کی اپیل کی ہے تاکہ امن و استحکام کا قیام ہو سکے اور انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ جب صیہونی ریاست غزہ میں جرائم کے بعد عالمی تنہائی کو توڑنے کی کوشش کر رہی ہے، امتِ مسلمہ کو اتحاد و یکجہتی کی اشد ضرورت ہے۔ اس تناظر میں اسلامی ممالک کو باہمی تعاون کو فروغ دینا چاہیے۔














