اٹلی سمیت پانچ یورپی ممالک نے پاکستانیوں کو نوکریاں دینے پر اتفاق کیا ہے، مشترکہ اقدامات سے غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کو بہتر بنایا جائے گا۔
وارسا: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اٹلی کے بعد پانچ دیگر یورپی ممالک نے پاکستانیوں کو نوکریاں فراہم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں غیر قانونی امیگریشن سے متعلق کانفرنس میں وزیرداخلہ محسن نقوی کی قیادت میں پاکستانی وفد نے شرکت کی۔ پولینڈ، ایسٹونیا، لٹویا، فن لینڈ اور لتھوانیا کے وزرائے داخلہ نے اپنے ممالک کی نمائندگی کی۔
کانفرنس میں غیر قانونی امیگریشن اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام پر پاکستان کے اقدامات کو سراہا گیا۔ اعلامیے کے مطابق ان ممالک نے پاکستان کو آفیشل سطح پر نوکریاں فراہم کرنے پر اتفاق کیا اور غیر قانونی امیگریشن کے تدارک کے لیے مشترکہ اقدامات اور مؤثر کوآرڈینیشن پر زور دیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ یورپ غیر قانونی امیگریشن سے متاثر ہے اور مشترکہ میکنزم سے ہی اس چیلنج کا خاتمہ ممکن ہے۔ 6 ممالک اپنی وزارت داخلہ میں فوکل پرسن مقرر کریں گے اور مربوط حکمت عملی اپنائی جائے گی۔
محسن نقوی نے بتایا کہ انسانی اسمگلنگ مافیا کے خلاف کارروائی کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور پاکستان سے یورپ جانے والی غیر قانونی امیگریشن میں 47 فیصد کمی آئی ہے۔












