آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کی ساتویں سالگرہ پر افواج پاکستان نے عزم کا اعادہ کیا کہ قومی سلامتی اور علاقائی امن کے تحفظ کے لئے پاکستان ہر دم تیار ہے۔
راولپنڈی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کو سات سال مکمل ہو گئے، افواج پاکستان نے اس موقع پر تاریخی کارروائی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور سربراہانِ بحریہ و فضائیہ نے مشترکہ پیغام کے ذریعے قومی سلامتی اور علاقائی امن کے تحفظ کیلئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ 27 فروری 2019ء کو شروع کیے گئے آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ نے بھارتی جارحیت کا فیصلہ کن جواب دیا اور افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت اور دفاعی صلاحیتوں کو نمایاں کیا۔
اس آپریشن نے مزید جارحیت کو روکا اور خطے میں تزویراتی توازن بحال کیا، قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ افواج پاکستان ہر خطرے کا بھرپور مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان اپنی خود مختاری کے تحفظ اور عالمی استحکام میں کردار ادا کرتا رہے گا۔














