اپوزیشن اتحاد نے حکومت کے ساتھ مذاکرات پر رضامندی ظاہر کرتے ہوئے رمضان المبارک میں رابطوں کا فیصلہ کیا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان نے حکومت کے ساتھ مذاکرات پر رضامندی کا اعلان کیا ہے۔ اپوزیشن اتحاد کے سربراہان نے ساتھیوں کے اعتماد کے بعد اہم حکومتی شخصیات سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
گزشتہ روز اسلام آباد میں اپوزیشن اتحاد کی مشاورتی نشست ہوئی، جس میں محمود خان اچکزئی، علامہ ناصر عباس، شاہد خاقان عباسی، مصطفیٰ نواز کھوکھر، اسد قیصر، اخونزادہ حسین یوسفزئی اور خالد یوسف چوہدری شامل ہوئے۔ اس اجلاس میں حکومت کی مذاکراتی پیشکش پر تفصیلی مشاورت کی گئی اور رانا ثنا اللہ کے بیانات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں سلمان اکرم راجہ، شاہد خاقان عباسی اور پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت نے اپوزیشن اتحاد کے سربراہان کو حکومت سے رابطہ کرنے کا مشورہ دیا۔ محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر عباس مذاکراتی عمل پر پیشرفت کریں گے اور رمضان المبارک میں حکومتی شخصیات سے رابطہ کیا جائے گا۔
پی ٹی آئی رہنما جنید اکبر نے کہا کہ ہم سیاسی لوگ ہیں اور مذاکراتی عمل پر یقین رکھتے ہیں، چاہتے ہیں مفاہمت اور ڈائیلاگ کے ذریعے مسائل کا حل نکلے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو بھی اپنا رویہ درست کرنا ہوگا۔













