جے یو آئی نے این اے 43 میں پی ٹی آئی کی فتح کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز)
حلقہ این اے 43 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی نہ کرانے کے معاملے میں جے یو آئی نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔
جے یو آئی کے امیدوار مولانا اسعد محمود نے وکیل حافظ احسان کھوکھر کے ذریعے دائر اپیل میں کہا ہے کہ 348 پولنگ اسٹیشنز کے بجائے صرف چند اسٹیشنز پر دوبارہ گنتی قانون کے منافی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جزوی طور پر ہوئی دوبارہ گنتی کے دوران متعدد پولنگ اسٹیشنز سے بیلٹ پیپرز غائب پائے گئے۔
اپیل میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ بیلٹ پیپر ہی عوامی مینڈیٹ کا بنیادی ثبوت ہیں، لہذا الیکشن ٹربیونل کے یکم دسمبر 2025 کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔
یاد رہے کہ این اے 43 بنوں سے پی ٹی آئی کے داوڑ کنڈی 65 ہزار 575 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے جبکہ جے یو آئی کے مولانا اسعد محمود نے 64 ہزار 20 ووٹ حاصل کیے تھے۔















