وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں تعمیراتی بے ترتیبی کے خاتمے کے لیے ‘ون پنجاب، ون اسٹینڈرڈ، ون ڈیزائن’ پالیسی کی منظوری دے دی ہے۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں تعمیراتی بے ترتیبی کے خاتمے اور یکساں ترقی کے لیے ‘ون پنجاب، ون اسٹینڈرڈ، ون ڈیزائن’ پالیسی کی منظوری دے دی ہے۔ اس پالیسی کے تحت پنجاب بھر میں انفراسٹرکچر اور اربن ڈیزائن کو عالمی معیار کے مطابق یکسانیت دی جائے گی۔
خصوصی اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب کی سڑکیں، اسکول، اسپتال، بس اسٹاپس، فٹ پاتھ، گرین بیلٹس اور سائن بورڈز ایک ہی معیاری ڈیزائن کے تحت تیار ہوں گے۔ اس سے ہر شہر، گلی اور شاہراہ نظم و ضبط اور جمالیاتی حسن کی ایک پہچان بنے گی۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کا انفراسٹرکچر بکھری تعمیرات نہیں بلکہ یکساں ترقی کی علامت ہوگا، جہاں روڈز، اسکول، اسپتال اور بس اسٹاپس ‘برانڈ پنجاب’ کے سفیر کے طور پر نظر آئیں گے۔
اجلاس میں یکساں روڈز، گرین بیلٹس، فٹ پاتھ اور سائن بورڈز بنانے، کیاسک اور دکانوں کے کیبن کے یکساں ڈیزائن مقرر کرنے پر غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اسٹینڈرائزڈ ڈیزائن مینول تیار کرنے کی ہدایت دی اور خودمختار اتھارٹی کے قیام پر بھی غور کرنے کا حکم دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ لاہور سے راجن پور تک ہر گلی سگھڑ، ہر شاہراہ دیدہ زیب اور ہر ادارہ نظم و ضبط کا شاہکار ہوگا، اور یکساں انفراسٹرکچر پنجاب کے شہروں کو جمالیاتی طور پر پرکشش بنائے گا۔















