وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ ایران کے معاملے پر طاقت کے استعمال سے دریغ نہیں کریں گے، جبکہ وزیر خارجہ روبیو کانگریس کو بریف کریں گے۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وائٹ ہاؤس نے اعلان کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایران کے معاملے پر پہلی ترجیح سفارتکاری ہے، لیکن ضرورت پڑنے پر وہ طاقت کے استعمال سے دریغ نہیں کریں گے۔ وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ نے میڈیا کو بتایا کہ صدر ٹرمپ کے پاس ایران کے معاملے میں حتمی فیصلہ کرنے کا اختیار ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ وزیر خارجہ مارکو روبیو آج کانگریس کی قیادت کو ایران کی صورتحال پر بریف کریں گے۔ اس سے قبل صدر ٹرمپ نے ایران کو معاہدہ کرنے کے لئے 10 سے 15 دن کی مہلت دی تھی۔ امکان ہے کہ صدر ٹرمپ کانگریس سے خطاب میں ایران کے جوہری پروگرام اور ممکنہ فوجی کارروائی پر اپنے مؤقف کا اظہار کریں گے۔
امریکی ذرائع کے مطابق ابتدائی حملے کے لئے ایران کے پاسداران انقلاب کا ہیڈکوارٹر، جوہری تنصیبات اور بیلسٹک میزائل پروگرام زیر غور ہیں۔ جمعرات کو امریکا اور ایران کے وفود کے درمیان جوہری پروگرام پر اہم ملاقات ہوگی۔












