کراچی ڈیفنس میں فوڈ رائیڈر فرحان کی ہلاکت پر ورثا نے صلح کرلی ہے، اور گرفتار ڈرائیور کو رہا کردیا گیا ہے۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابانِ اتحاد میں فوڈ رائیڈر فرحان کی ہلاکت کے معاملے پر صلح ہوگئی ہے۔ پولیس نے گاڑی کے ڈرائیور کو تفتیش کے بعد رہا کر دیا ہے۔
پیر کی رات نشے میں دُھت کار سوار نوجوان کی تیز رفتار گاڑی بے قابو ہوکر فٹ پاتھ سے ٹکرائی اور سڑک پر قلابازیاں کھاتے ہوئے فوڈ ڈیلیوری رائیڈر فرحان سے ٹکرا گئی، جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
حادثے کے بعد نوجوان کو پولیس نے حراست میں لیا تھا، تاہم ورثا نے قانونی کارروائی نہ کرنے اور معاف کرنے کا اعلان کیا۔ فرحان کی تدفین ٹھٹھہ میں کر دی گئی ہے۔
واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ حادثے میں ملوث نوجوان کراچی کے اسسٹنٹ کمشنر حاظم بھنگوار کا بھتیجا ہے، لیکن حاظم بھنگوار نے اس کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ان کا کوئی بھتیجا نہیں ہے۔














