خواجہ آصف نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا جہاز لینا معمولی بات ہے، ‘ایئر پنجاب’ کو ایئر لائن کا لائسنس مل گیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اگر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جہاز حاصل کر لیا تو اس میں کوئی حیرانی کی بات نہیں۔ پنجاب حکومت کو ‘ایئر پنجاب’ کے نام سے ایئرلائن کی اجازت بھی مل گئی ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کو نئی ایئر لائن کا لائسنس جاری ہو چکا ہے۔ ‘ایئر پنجاب’ ایک رجسٹرڈ ایئر لائن ہے اور اس کے لیے باقاعدہ اجازت حاصل کر لی گئی ہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ اگر وزیر اعلیٰ پنجاب جہاز لیتی ہیں، تو یہ غیر معمولی نہیں کیونکہ دیگر وزرائے اعلیٰ اور وزیر اعظم کے پاس بھی سرکاری جہاز ہیں۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ مریم نواز کی بطور وزیر اعلیٰ پنجاب کارکردگی عمدہ ہے اور صوبے میں عوامی مسائل گراس روٹ لیول پر حل ہو رہے ہیں۔ ان کے خلاف تنقید حسد کی بنیاد پر کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر توجہ دے رہی ہے اور مستقبل میں بھی ایسے اقدامات جاری رہیں گے۔













