خالد مقبول کا کراچی کے مستقبل پر شب خون مارنے کا الزام

کراچی میں خالد مقبول نے جاگیردارانہ جمہوریت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے مستقبل کو خطرہ ہے اور عدالتوں میں قانونی چارہ جوئی کا اعلان کیا۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ملک میں جاگیردارانہ جمہوریت کی موجودگی میں کراچی کے مستقبل پر شب خون مارا جارہا ہے۔ انہوں نے شہر قائد کے ماسٹر پلان کو کرپشن کا شکار ہوتے ہوئے عدالتوں میں قانونی چارہ جوئی کا اعلان کیا۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ جعلی اکثریت کی حکومت کا خاتمہ ہونا چاہیے اور آئین کے مطابق بلدیاتی حکومتیں قائم ہونی چاہئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی اور حیدرآباد کے شہری مسائل کو ایوان میں اُٹھایا جائے گا، جبکہ آئین کے تحت نئے اضلاع اور صوبے بنانے کی ضرورت ہے۔

خالد مقبول نے کہا کہ حیدرآباد میں 77 سال بعد ایم کیو ایم کی کاوشوں سے ایک یونیورسٹی بنی۔ انہوں نے پیپلزپارٹی کے میئر کو اختیارات دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جاگیردارانہ جمہوریت کے چیمپئن بلدیاتی نظام کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔

ایم کیو ایم کے سربراہ نے آئین پر عمل درآمد نہ کرنے کو غداری کے مترادف قرار دیا اور کہا کہ عدالتوں سے انصاف نہ ملا تو سڑکوں پر کراچی کا مقدمہ لڑیں گے۔ انہوں نے سندھ کے شہری علاقوں کے مسائل کو ایوان میں اُٹھانے کا عزم ظاہر کیا۔

دیگر متعلقہ خبریں